معروف صحافی، ادیب اور 'گل بوٹے'کے روحِ رواں فاروق سید انتقال کر گئے اردو صحافت، بچوں کے ادب اور ممبئی کی ادبی دنیا ایک مخلص آواز سے محروم
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- 1 day ago
- 2 min read

19 May 2026
ممبئی (م ٹائمز )
اردو صحافت، بچوں کے ادب اور ادبی سرگرمیوں کی دنیا سے وابستہ ایک معتبر اور فعال شخصیت، ماہنامہ “گل بوٹے” کے بانی و مدیر، ممتاز صحافی و ادیب فاروق سید آج 19 مئی 2026 کو شام تقریباً سات بجے انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر کی ادبی، صحافتی اور سماجی فضا کو سوگوار کر دیا ہے۔
مرحوم کئی دہائیوں سے اردو زبان و ادب کی خدمت میں سرگرم تھے۔ انہوں نے صحافت کو صرف خبر رسانی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے عوامی شعور، سماجی بیداری اور نئی نسل کی فکری تربیت کا ذریعہ بنایا۔ ان کی شخصیت میں ایک حساس صحافی، باوقار ادیب، بہترین منتظم اور بچوں کے بے لوث خیرخواہ کی تمام خوبیاں موجود تھیں۔
فاروق سید نے اپنے صحافتی سفر کے دوران معاشرے کے کمزور، محروم اور پسماندہ طبقات کے مسائل کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ممبئی کے شہری مسائل، تعلیم، بلدیاتی انتظامیہ، نوجوانوں کے مستقبل اور اقلیتی برادری کے مسائل پر ان کی تحریریں نہایت سنجیدگی اور جرأت کے ساتھ سامنے آتی رہیں۔ ان کا اندازِ تحریر سادہ مگر فکر انگیز تھا، جس کی وجہ سے قارئین کا ایک بڑا حلقہ ان سے وابستہ رہا۔
بچوں کے لیے جاری کیا جانے والا ماہنامہ “گل بوٹے” ان کی زندگی کا ایک اہم کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔ اس رسالے کے ذریعے انہوں نے بچوں میں مطالعے کا شوق، تخلیقی صلاحیت اور اردو زبان سے محبت پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کی۔ کئی نوجوان قلمکاروں اور ادبی ذوق رکھنے والے بچوں کو انہوں نے عملی رہنمائی فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل رمضان المبارک میں وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ واپسی سے قبل ان کی طبیعت ناساز ہوئی، جس کے بعد انہیں ممبئی منتقل کیا گیا۔ مختلف اسپتالوں میں علاج، بائی پاس سرجری اور ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔
مرحوم فاروق سید کی نمازِ جنازہ کل بعد نمازِ ظہر ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں ممبئی کے ناریل واڑی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ادبی، صحافتی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف تنظیموں، اہلِ قلم اور صحافیوں نے اسے اردو دنیا کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔
انا للہ وانا الیہ راجعون



