top of page

کارپوریٹر سیدہ خان کی جانب سے میٹرنٹی وارڈ کی تزئین و آرائش، مدر ڈے کے موقع پر تمام ماؤں کے نام منفرد اقدام، مثبت ماحول سے زچگی کی تکالیف کم کرنے کا پیغام

  • Writer: MimTimes मिम टाइम्स  م ٹائمز
    MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
  • 2 days ago
  • 2 min read

10 May 2026


ممبئی (م ٹائمز ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی کارپوریٹر اور اسٹینڈنگ کمیٹی رکن سیدہ خان نے میٹرنٹی وارڈ کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے اقدام کے پیچھے اپنا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ خاتون جو بچے کو جنم دیتی ہے، وہ شدید تکلیف اور درد کے مرحلے سے گزرتی ہے۔ ایسے وقت میں اگر انہیں اچھا، پُرسکون اور مثبت توانائی والا ماحول ملے تو ان کی آدھی تکلیف خود بخود کم ہو جاتی ہے۔


سیدہ خان نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت میٹرنٹی وارڈ کی مرمت، خوبصورتی اور بہتر ماحول فراہم کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے شیڈول میں ایسی بہت سی چیزیں شامل نہیں ہوتیں جو وارڈ کو خوبصورت اور آرام دہ بنانے کے لیے ضروری ہوتی ہیں، اس لیے ذاتی دلچسپی لے کر یہ کام انجام دیا گیا۔


انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے کے موقع پر یہ اقدام اپنی مرحومہ والدہ ملک رقیہ خاتون کے نام منسوب کیا ہے۔ سیدہ خان کے مطابق یہ صرف ان کی والدہ کے لیے نہیں بلکہ ہر اس ماں کے نام ہے جو ایک نئی زندگی کو دنیا میں لانے کے لیے تکلیف برداشت کرتی ہے۔


اس موقع پر افتتاحی تقریب میں 83 سالہ سینئر سٹیزن سمن بھی موجود تھیں۔ بتایا گیا کہ ان کی پیدائش 1943 میں کرلا بھابھا اسپتال میں ہوئی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے بی ایم سی کے سائن اسپتال میں ٹریننگ حاصل کی اور نائر اسپتال میں ملازمت انجام دی۔ انہوں نے اپنی پوری خدمات بھی بی ایم سی کے محکمہ صحت میں انجام دیں۔



bottom of page