کانگریس اقلیتی شعبہ کی تنظیمی توسیع، ممبئی نارتھ سینٹرل ضلع میں نئے عہدیدار مقرر، تقرری ناموں کی تقریب میں قائدین نے عوامی خدمت اور تنظیمی استحکام کا پیغام دیا
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Jul 13
- 1 min read

13 July 2026
ممبئی (م ٹائمز ) ممبئی نارتھ سینٹرل ضلع کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کی جانب سے ضلع، تعلقہ اور وارڈ سطح کے نئے عہدیداروں کی تقرری کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نومنتخب عہدیداروں کو باضابطہ طور پر تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا اہتمام ممبئی نارتھ سینٹرل ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ظفر انصاری نے کیا۔
یہ تقریب کانگریس کے سینئر رہنماؤں عمران پرتاپ گڑھی، ورشا تائی گائیکواڑ اور ممبئی ریجنل کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین فرحان اعظمی کی قیادت میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر بی ایم سی کے کارپوریٹر اور کانگریس کے ایوانی لیڈر اشرف اعظمی، پارٹی کے ترجمان نظام الدین رائین، مہاراشٹر جنرل سیکریٹری شاہ عالم شیخ، میڈیا انچارج سریش راج ہنس، ممبئی نارتھ سینٹرل ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے سینئر نائب صدر عزیز خان، کوآرڈینیٹر حفظان خان اور دیگر رہنما و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران ضلع کمیٹی کے ارکان، تعلقہ صدور اور وارڈ صدور کو تقرری نامے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیم کو نچلی سطح تک مضبوط بنانے، عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے اور کانگریس کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے کے لیے پوری ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ کام کریں۔
تقریب کے اختتام پر تمام عہدیداروں نے متحد ہو کر عوامی خدمت، تنظیمی استحکام اور کانگریس پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ منتظمین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔



