مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کی گولڈن جوبلی پر عالمی جشن، وزیر اعلیٰ فڈنویس کے ہاتھوں افتتاح، ’بہارِ اردو‘ کی شاندار تقریب میں جاوید اختر، سچن پِلگاؤںکر، انوپ جلوٹا اور صابری برادران کی شرکت
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
- Oct 5
- 2 min read

5 October 2025
ممبئی، مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی اپنی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر 6، 7، اور 8 اکتوبر کو ممبئی کے مشہور ڈوم ایس وی پی اسٹیڈیم، ورلی میں تین روزہ عالمی اردو جشن ’بہارِ اردو‘ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔
یہ پروگرام محکمہ اقلیتی ترقی و اوقاف کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے ہاتھوں ہوگا۔ اس موقع پر ملک و بیرونِ ملک سے اردو کے ممتاز شاعر، ادیب، فنکار، اور شخصیات شرکت کریں گی۔

پہلا دن (6 اکتوبر): مشاعرہ، بالی ووڈ، اور صوفی قوالی
افتتاحی دن کا آغاز نوجوان شعراء کے اوپن مائیک سے ہوگا، جس کے بعد قومی یکجہتی گیت کی پیشکش ہوگی۔
تقریب کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ فڈنویس کریں گے۔
شام میں ہونے والے عظیم الشان مشاعرے میں راجیش ریڈی، عبید اعظم اعظمی، شکیل اعظمی، محشر آفریدی، قمر صدیقی، اور شِکھا اَودھیش کلام پیش کریں گے۔
اداکار شیکھر سمن اسٹیج کی میزبانی کریں گے اور جاوید اختر و رومی جعفری کے درمیان خصوصی سوال و جواب سیشن کا تعارف کرائیں گے۔
بعد ازاں ’فلموں میں اردو‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن ہوگا، جس میں سچن پِلگاؤںکر، شیکھر سمن، رومی جعفری، نعیم اعجاز، اور سرفراز آرزو گفتگو کریں گے۔
رات کا اختتام مشہور صابری برادران کی قوالی پرفارمنس پر ہوگا۔
اس دن اردو تھیٹر ڈرامہ "عشق جلے تو جلے ایسا" (امرتا پریتم و ساحر لدھیانوی کی کہانی) بھی پیش کیا جائے گا۔

دوسرا دن (7 اکتوبر): علمی سیمینار، ایوارڈز اور فیشن شو
دوسرے دن کا آغاز علمی سیمینار سے ہوگا، جس میں ڈاکٹر شیخ احرار احمد اور ڈاکٹر قاضی نوید صدیقی "مہاراشٹر میں اردو ادب" پر مقالے پیش کریں گے، جب کہ ڈاکٹر محمد تابش خان اور ڈاکٹر لیاقت علی "جدید ٹیکنالوجی اور اردو" پر اظہار خیال کریں گے۔
اس دن مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
شام میں فاروق سیّد گروپ اور بِجنوی جی کے اشتراک سے صوفیانہ فیشن شو ہوگا، جب کہ فوزیہ داستاں گو اداکارہ مینا کماری کی زندگی پر داستان پیش کریں گی۔
رات کا اختتام جھیلم سنگھ کی صوفی موسیقی اور لوک گائیکی سے ہوگا۔

تیسرا دن (8 اکتوبر): بیت بازی ڈرامہ، اور انوپ جلوٹا کی غزلیں
آخری دن نوجوان شعراء کے اوپن مائیک کے بعد بین الکلیاتی بیت بازی مقابلہ ہوگا۔
زاہد علی تمثیلی مشاعرہ پیش کریں گے، جب کہ اقبال نیازی کا تھیٹر ڈرامہ "زمین کا ایک ٹکڑا" اسٹیج پر پیش کیا جائے گا۔
کلیم ثمر مزاحیہ شاعری سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔
دن کی سب سے بڑی کشش انوپ جلوٹا کی غزل نوازی اور بھجن گائیکی ہوگی، جس کے بعد شہاب صابری قوالی پیش کریں گے۔
تین روزہ اس تاریخی جشن کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوگا۔
یہ تین روزہ ’بہارِ اردو‘ جشن نہ صرف زبان و ادب بلکہ فن، ثقافت اور ہم آہنگی کے فروغ کا زندہ مظہر ثابت ہوگا۔