top of page

بارامتی میں ضرورت مند بچوں کے لیے مفت سرجری مہم کا آغاز

22 February 2025


بارامتی: معاشی طور پر کمزور اور ضرورت مند بچوں کے لیے بارامتی میں ایک نئی طبی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے، جو ان کے علاج معالجے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور رکن راجیہ سبھا محترمہ سُنیترہ پوار کی کاوشوں سے غریب اور مستحق بچوں کے لیے مفت سرجری مہم شروع کی گئی ہے۔ اس فلاحی مہم کے تحت ابتدائی طور پر سنیچر اور اتوار کو ۳۰ بچوں کی سرجریاں کی جائیں گی، جن میں ہرنیا، زبان کی جکڑن اور جسم سے رسولیوں (گانٹھوں) کو نکالنے جیسی پیچیدہ سرجریاں شامل ہیں۔

یہ اہم طبی مہم بارامتی کے موتھا اسپتال میں شروع کی جا رہی ہے، جہاں بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر راجندر موتھا اور ڈاکٹر سورو بھ موتھا کی رہنمائی میں ممبئی کے معروف سرجن ڈاکٹر سنجے اوک اور ان کی ٹیم سماجی خدمت کے جذبے کے تحت بچوں کی مفت سرجری انجام دے گی۔ اس فلاحی مہم کے افتتاحی تقریب میں پُنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر سرکاری میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر چندرکانت مہسکے، تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منوج کھومنے، ڈاکٹر راجندر موتھا، ڈاکٹر سورو بھ موتھا، انیل نوارنگے، انیل جوگلیکر، سابق میونسپل صدر بھارتی موتھا، پرینکا موتھا، ڈاکٹر انیل موکاشی، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے خصوصی ایگزیکٹو آفیسر نتن ہاٹے، کرن تاورے اور انتظامی افسر نندکمار کوکرے سمیت کئی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر سنجے اوک نے اس موقع پر کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور رکنِ پارلیمنٹ سُنیترہ پوار کی خصوصی رہنمائی میں اس مہم کو مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ ضرورت مند بچوں کو معیاری اور مفت طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔ یہ منفرد طبی مہم بارامتی کے ضرورت مند خاندانوں کے لیے روشنی کی ایک نئی کرن ہے۔ یہ اُن بچوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جو غربت کے باعث مہنگے علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس انسان دوست پہل سے سینکڑوں معصوم جانوں کو صحت مند اور خوشحال زندگی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

bottom of page