بوگس ڈاکٹروں کے خلاف این سی پی کا سخت انتباہ، مقدمہ درج نہ ہوا تو محکمہ صحت کا گھیراؤ
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Sep 6
- 2 min read

6 September 2025
ممبئی:سانتاکروز کے بی این دیسائی اسپتال سمیت ممبئی کے بعض اسپتالوں میں آئی سی یو میں بوگس ڈاکٹروں کی تقرری کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ مریضوں کی زندگیوں کے ساتھ براہِ راست کھیلنے والے اس سنگین گھپلے پر نیشنلسٹ کانگریس شرد چندر پوار پارٹی نے سخت موقف اختیار کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو صحت محکمہ کے افسران کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
پارٹی کے ریاستی ترجمان اور یوتھ کے ممبئی صدر ایڈوکیٹ امول ماتیلے نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے صحت کمشنر کو ای میل کے ذریعے ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔ اس خط میں انہوں نے کنٹریکٹر کے خلاف فوری فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ کنٹریکٹر نے محض مالی فائدے کے لیے فرضی ڈاکٹروں کو اسپتال میں تعینات کیا، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ مریضوں کی جان کے لیے بھی خطرناک ہے۔
See full video
ایڈوکیٹ ماتیلے نے اپنے خط میں واضح کیا کہ کنٹریکٹر کے خلاف درج ذیل دفعات کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے:
• دفعہ 420 (دھوکہ دہی)
• دفعہ 406 (امانت میں خیانت)
• دفعہ 468 (جعل سازی کے ذریعے دستاویزات تیار کرنا)
• دفعہ 471 (جعلی دستاویزات کا استعمال)
• دفعہ 304A (غفلت سے موت یا نقصان)
• دفعات 336، 337، 338 (جان کو خطرے میں ڈالنا اور چوٹ پہنچانا)
• دفعہ 120B (مجرمانہ سازش)
ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کنٹریکٹر کو ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے تاکہ آئندہ کسی اسپتال میں اس کے ذریعے عوامی صحت کے ساتھ کھلواڑ نہ ہو۔
ماتیلے نے مزید کہا کہ اس گھپلے میں میونسپل انتظامیہ کے چند بدعنوان افسران کی ملی بھگت کے بغیر یہ سب ممکن ہی نہیں ہے، اس لیے ان افسران کی بھی نشاندہی کر کے ان پر سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں انتباہ دیا کہ ممبئی کے شہریوں کی جان کے ساتھ کھیلنے والے بوگس ڈاکٹر معاملے میں ہم خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔ جب تک تمام مجرموں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی نہیں ہوتی، شرد پوار کانگریس اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









