بی جے پی کی شکایت کے بعد قلابہ کے ہاکرز پر بی ایم سی کا قہر، 67 غیر قانونی اسٹالز ہٹائے گئے، ہاکرز نے کارروائی کو ظلم قرار دیا
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Nov 5
- 2 min read

5 November 2025
ممبئی (م ٹائمز) قلابہ کاز وے پر بڑھتے ہوئے غیر قانونی قبضوں اور ہاکرز کے مسئلے پر شہریوں کی جانب سے بی ایم سی کو دی گئی ایک ہفتے کی مہلت اور سابق بی جے پی کارپوریٹر مکرند نارویکر کی قیادت میں درج شکایت کے بعد ممبئی میونسپل کارپوریشن نے کارروائی کی ہے
بی ایم سی کے اے وارڈ کی جانب سے منگل، 4 نومبر کو قلابہ کاز وے علاقے میں بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات مہم چلائی گئی، جس کے دوران کل 67 غیر قانونی اسٹالز ہٹائے گئے۔ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی ڈھانچوں کو ختم کرنا اور شہری نظم و ضبط کو بحال رکھنا بتایا گیا ہے۔

بی جے پی کی شکایت کے بعد بی ایم سی کی جانب سے کی گئی اس کارروائی پر ہاکرز نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے "ظالمانہ اقدام" قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے انہیں متبادل جگہ فراہم کیے بغیر زبردستی ہٹایا۔
یہ کارروائی ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی کی رہنمائی میں، ڈپٹی کمشنر چندا جادھو اور اے وارڈ کے اسسٹنٹ کمشنر جے دیپ مورے کی قیادت میں انجام دی گئی۔
بی ایم سی کے مطابق، کارروائی کے دوران ان تمام ہاکرز کو ہٹایا گیا جو فٹ پاتھ اور سڑکوں پر غیر قانونی طور پر قابض تھے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہو رہی تھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قلابہ کے شہریوں نے غیر قانونی قبضوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے بی ایم سی کو ایک ہفتے کی مہلت دی تھی اور خبردار کیا تھا کہ اگر کارروائی نہ کی گئی تو وہ اے وارڈ آفس کے باہر علامتی احتجاج کریں گے۔
شہریوں نے بی ایم سی کی اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ قدم محض عارضی نہ ہو بلکہ آئندہ بھی غیر قانونی ہاکرز کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ قلابہ کاز وے دوبارہ صاف، منظم اور پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ بن سکے۔









