top of page

شیوسینا(شندے) کے لیے کام کرنا ہی میرا اولین فریضہ ہے : امول آمبیکر، ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے تناظر میں مانخورد۔شیواجی نگر میں نئی سیاسی صف بندی

  • Writer: MimTimes मिम टाइम्स  م ٹائمز
    MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
  • Oct 21, 2025
  • 2 min read

21 October 2025


ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات سے قبل مانخورد۔شیواجی نگر اسمبلی حلقے میں سیاسی سرگرمیوں نے نیا موڑ لیا ہے۔


یہاں ماضی میں سوشل ورکر رفیق شیخ کی اہلیہ نے شیوسینا (ادھو) کے رہنما مہادیو آمبیکر کو دو مرتبہ شکست دی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب وہی رفیق شیخ، ڈاکٹر امول آمبےکر کے ہمراہ شیوسینا ( شندے) میں سرگرم ہیں، جسے مقامی سیاست میں بڑی تبدیلی سمجھا جا رہا ہے۔


شیوسینا (شندے) کے ریاستی آرگنائزر اور توسیعی انچارج ڈاکٹر امول آمبیکر نے م ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ رفیق شیخ اس وقت شیوسینا (شندے) کے سرگرم کارکن ہیں۔ پارٹی کے کام میں کوئی دشمن یا دوست نہیں ہوتا — نظریہ اور تنظیم سب سے بڑی چیز ہے۔ میں اپنی پوری وفاداری ‘شیوسینا’( شندے ) کے لیے وقف کرتا ہوں۔ڈاکٹر آمبیکر نے مزید کہا کہ اگر میرے والد کو شیوسینا(ادھو گروپ) سے ٹکٹ ملتا ہے تو وہ پوری کوشش کریں، یہ ان کا حق ہے۔ مگر میں اپنی سطح پر شیوسینا ( شندے ) کے امیدوار کو کامیابی دلانے کے لیے پوری توانائی سے کام کروں گا۔انہوں نے بھارتی آئین کے بنیادی حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی سوچ رکھنے اور اظہار کا حق حاصل ہے۔ مجھے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے کی عوامی خدمت اور سادہ طرزِ قیادت نے متاثر کیا ہے، اسی وجہ سے میں ان کے نظریے پر گامزن ہوں۔ڈاکٹر آمبیکر نے مزید کہا کہ شیوسینا ڈاکٹر سیل کے ریاستی آرگنائزر کی حیثیت سے مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ میرے جیسے ایک عام کارکن کے لیے فخر کی بات ہے۔ میں اس اعتماد کے لیے شندے صاحب کا دل سے شکر گزار ہوں۔رفیق شیخ کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر آمبیکر نے کہا کہ رفیق شیخ کے گھر سے ان کی اہلیہ اور بیٹی تین مرتبہ کارپوریٹر بنے ہیں۔ ان کا تجربہ اور مقبولیت شندے گروپ کے لیے بڑی طاقت ہے۔ آج وہ شیوسینا اور ‘دھنش بان’ کے حق میں بھرپور مہم چلا رہے ہیں ۔ اس لئے ان  کے ساتھ کاندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا میرا فرض ہے۔بلدیاتی سیاست میں آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں ڈاکٹر آمبیکر نے کہا کہ مانخورد۔شیواجی نگر میری جنم بھومی اور کرم بھومی ہے۔ یہاں کے عوام نے ہمیشہ ہمارے خاندان کو عزت و محبت دی ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مسائل حل کرنا اور علاقائی ترقی کو یقینی بنانا میرا مقصد ہے۔آخر میں شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ذات، مذہب یا مسلک کے نام پر اختلافات پھیلاتے ہیں، مگر ہمیں ان باتوں میں نہیں الجھنا چاہیے۔ ہمیں صرف ترقی، خدمت اور شفافیت کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہیے  یہی جمہوریت کا صحیح مفہوم ہے۔ یہ بیان ڈاکٹر امول آمبےکر نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے متوقع انتخابات کی تیاریوں کے دوران دیا، جہاں شیوسینا (شندے گروپ) اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مقامی سطح پر اثر بڑھانے کی حکمتِ عملی پر کام کر رہا ہے۔



















bottom of page