فجی کے وزیر اعظم سیتیونی ربوکا کا بھارت دورہ – تعلقات میں نئے امکانات
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Aug 26
- 2 min read

26 August 2025
نئی دہلی،فجی کے وزیر اعظم سیتیونی ربوکا کے بھارت دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان صحت، تعلیم، زراعت، دفاع اور تجارت کے شعبوں میں کئی اہم معاہدے اور اعلانات ہوئے۔ اس موقع پر فجی میں ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال کے قیام، ادویات کی فراہمی کے لیے ایم/ایس ایچ ایل ایل لائف کیئر لمیٹڈ اور فجی کی وزارتِ صحت و طبی خدمات کے درمیان "جن اوشدھی اسکیم" کے تحت معاہدہ، معیارات کے شعبے میں تعاون اور مہارت سازی کے پروگرام پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے کوئیک امپیکٹ پروجیکٹ کے لیے بھارتی امداد اور ہجرت و نقل مکانی پر مشترکہ اعلان بھی کیا۔
اس دورے میں سووا میں بھارتی چانسری بلڈنگ کے لیے لیز ڈیڈ حوالے کی گئی جبکہ "ویلومنی دوستی" کے جذبے کے تحت مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔ دفاع کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی، بھارتی بحریہ کے جہاز کی فجی آمد، سووا میں دفاعی اتاشی کے قیام اور رائل فجی ملٹری فورسز کو ایمبولینسز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
سائبر سیکورٹی ٹریننگ سیل کے قیام، فجی کی انڈو پیسیفک آؤٹ لک میں شمولیت، صنعت و تجارت کے اداروں کے درمیان تعاون اور زرعی و دیہی ترقی کے بینکوں کے درمیان اشتراک کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ تعلیم اور ثقافت کے میدان میں ہندی اور سنسکرت کے اساتذہ کی تعیناتی، فجی کے پنڈتوں کی تربیت اور دوسرا جے پور فٹ کیمپ شامل ہیں۔
زراعت اور شوگر انڈسٹری کے لیے موبائل لیبارٹریز اور زرعی ڈرون فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ آئی ٹی ای سی پروگرام کے تحت فجی کے ماہرین اور عملے کی خصوصی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ کھیلوں میں بھارت نے فجی کو کرکٹ کوچ فراہم کرنے کا وعدہ کیا، اور تجارت کے شعبے میں بھارتی گھی کو فجی کی مارکیٹ تک رسائی دی گئی۔
یہ دورہ بھارت اور فجی کے درمیان تاریخی تعلقات کو نئی مضبوطی اور ہمہ جہت تعاون کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔









