top of page

مسجد شہادتِ حق، دھامن گاؤں بڑے میں مکتب کا بے نظیر تیسرا جلسہ عام منعقد

8 February 2025


دھامن گاؤں بڑے: مسجد شہادتِ حق میں مکتب کا تیسرا عظیم الشان جلسہ عام نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس پروقار تقریب کی صدارت مولانا عامر اللہ ندوی صاحب نے فرمائی جبکہ امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند دھامن گاؤں بڑے محترم عبدالحمید صاحب اور مفتی محمد شیخ اشفاق اشرفی صاحب کی زیرِ سرپرستی یہ پروگرام مکمل ہوا۔جلسے میں تقریباً 300 مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ طلبہ نے تلاوتِ قرآن، نعتِ رسولؐ، تقاریر اور دیگر دلچسپ پروگرام پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ بہترین کارکردگی پر بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔پروگرام کی نظامت حافظ شیخ صادق یوسفی نے کی جبکہ جلسے کے نگراں حافظ معین صاحب امام و خطیب مسجد نور الٰہی تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد عظیم صاحب امام و خطیب مسجد شاہی مرکز سمیت دیگر معزز علماء کرام اور حفاظ کرام بھی شریک ہوئے جنہوں نے اپنے مفید بیانات سے حاضرین کو مستفید کیا۔صدارتی خطاب میں مولانا عامر اللہ ندوی صاحب نے کہا کہ بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔ موجودہ دور میں عقیدے کو خراب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اس لیے والدین کو چاہیے کہ بچوں کے عقیدے کو مضبوط کریں اور مکاتب و مدارس کو منظم کریں۔ انہوں نے مولانا علی میاں ندوی رحمہ اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکاتب اسلام کے پاور ہاؤس ہیں جو معاشرے کو منور کرتے ہیں۔پروگرام کی کامیابی میں حافظ گلزار صاحب، امام و خطیب مسجد شہادتِ حق، مکتب کے ذمہ داران، شیخ امین ہدای صاحب امام و خطیب جامع مسجد مرکز اسلامی، اور جماعت اسلامی ہند دھامن گاؤں بڑے کے ارکان نے بھرپور محنت کی۔ اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا دھامن گاؤں بڑے یونٹ کا بھی تعاون رہا۔اللہ تعالیٰ اس تعلیمی مشن کو ترقی عطا فرمائے اور تمام ذمہ داران کی کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین!

bottom of page