ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابی قواعد میں بڑی تبدیلی، نئے ریزرویشن کے اصول نافذ،مہاراشٹر حکومت کا بڑا فیصلہ،سرکاری گزٹ میں درج فہرست ذات، قبائل، پسماندہ طبقات اور خواتین کے لیے نشستوں کی نئی تقسیم
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
- 2 days ago
- 3 min read

12 October 2025
ممبئی ،مہاراشٹر حکومت نے بلدیہ عظمیٰ ممبئی کے زیرِ التواء انتخابات کی سمت ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کے انتخابی قواعد میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے “بلدیہ عظمیٰ ممبئی (کونسلروں کے وارڈوں میں ریزرویشن اور ریزرویشن کی تبدیلی کا طریقہ) قواعد، 2025” سرکاری گزٹ میں شائع کر دیے ہیں۔ ان نئے قواعد کے تحت درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، پسماندہ طبقات کے شہریوں (مغاس ورگی نِگرِک) اور خواتین کے لیے کونسلروں کی نشستوں پر ریزرویشن اور ان میں تبدیلی کے اصول واضح طور پر طے کیے گئے ہیں۔
See Gazette (महाराष्ट्र शासन राजपत्र) pdf
شہری ترقیات محکمے نے یہ نئے قواعد نافذ کرتے ہوئے سابقہ تمام احکامات اور ضوابط کو منسوخ کر دیا ہے۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن کا پورا عمل انہی اصولوں کے مطابق انجام پائے گا۔ نئے ضوابط کے تحت درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے لیے نشستوں کی تقسیم ہر وارڈ میں متعلقہ برادری کی آبادی کے تناسب سے نزولی ترتیب میں کی جائے گی۔ اگر دو یا زیادہ وارڈز میں آبادی کا تناسب برابر ہو تو قرعہ اندازی کے ذریعے یہ طے کیا جائے گا کہ کون سا وارڈ مخصوص کیا جائے۔ ہر انتخاب میں ریزرو وارڈز کو تبدیل کیا جائے گا تاکہ کوئی وارڈ مستقل طور پر مخصوص نہ رہے اور تمام علاقوں کو مساوی نمائندگی حاصل ہو۔
درج فہرست ذات اور قبائل کے لیے نشستیں طے ہونے کے بعد باقی ماندہ وارڈز میں پسماندہ طبقات کے شہریوں کے لیے ریزرویشن کیا جائے گا۔ ان نشستوں پر بھی تبدیلی کا اصول لاگو ہوگا۔ خواتین کے لیے ریزرویشن ہر زمرے میں علیحدہ مقرر کیا جائے گا۔ درج فہرست ذات کی خواتین کے لیے نشستیں اسی زمرے کے مخصوص وارڈز میں سے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہوں گی، اسی طرح درج فہرست قبیلہ اور پسماندہ طبقے کی خواتین کے لیے بھی نشستیں ان کے اپنے زمرے کے وارڈز میں سے طے کی جائیں گی۔ عام زمرے کی خواتین کے لیے نشستیں غیر محفوظ وارڈز میں سے منتخب ہوں گی۔ خواتین کے لیے مخصوص وارڈز بھی آئندہ انتخابات میں تبدیل ہوتے رہیں گے تاکہ کوئی وارڈ ہمیشہ ایک ہی زمرے کے لیے مخصوص نہ رہے۔
ان قواعد کے نفاذ کے بعد ہونے والے پہلے بلدیاتی عام انتخابات کو “پہلا فیر فار انتخاب” سمجھا جائے گا۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے 6 اکتوبر 2025 کو بلدیہ عظمیٰ ممبئی کے 227 وارڈز کی حتمی حد بندی کو منظوری دینے کے بعد حکومت نے یہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں وارڈ وار ریزرویشن کا عمل اب شروع ہونے جا رہا ہے، جس سے بلدیہ عظمیٰ ممبئی کے زیرِ التواء انتخابات کے انعقاد کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی فہرست کے مطابق درج فہرست ذات کے لیے ممکنہ طور پر وارڈ نمبر 93، 118، 133، 140، 141، 146، 147، 151، 152، 155، 183، 186، 189، 199 اور 215 محفوظ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ درج فہرست قبیلہ کے لیے وارڈ نمبر 53 اور 59 مخصوص کیے جا سکتے ہیں۔
سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ ان نئے قواعد کے نفاذ کے بعد بلدیاتی سیاست کے منظرنامے میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ماہرین کے مطابق ریزرویشن اور فیر فار کے ان اصولوں کے باعث ممبئی کے مختلف علاقوں میں سیاسی توازن پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ انتخابات کی تاریخوں کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔