ممبئی میں صبح 7 سے 9 بجے تک ہی کبوتروں کو دانہ ڈالنے کی اجازت، این جی او کو کبوتر خانہ انتظام کی ذمہ داری لینی ہوگی، ماہرین کی رپورٹ اور عدالت کے حتمی حکم تک عارضی فیصلہ نافذ
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Nov 2
- 2 min read

2 November 2025
ممبئی (م ٹائمز) ممبئی کے موجودہ کبوتر خانے ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق بند کر دیے گئے ہیں۔ عدالت نے شہریوں کی آراء اور اعتراضات حاصل کرنے کے بعد کبوتر خانوں کے بارے میں عبوری فیصلہ لینے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے تحت برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے عارضی طور پر شہر میں چار نئی جگہوں ورلی ریزروائر ،لوکھنڈوالا،اندھیری، ملنڈ،گورائی پر کبوتر خانوں کے قیام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم، بند شدہ کبوتر خانے بدستور بند ہی رہیں گے اور انہیں دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ان چاروں نئی جگہوں پر کبوتروں کو صرف کنٹرولڈ فیڈنگ یعنی محدود وقت میں دانہ ڈالنے کی اجازت ہوگی — صبح 7 بجے سے 9 بجے تک۔ اس وقت کے علاوہ دانہ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید یہ کہ کبوتر خانہ کا انتظام صرف اُن ہی خیراتی یا سماجی تنظیموں کو دیا جائے گا جو خود آگے آ کر اس کی ذمہ داری قبول کریں گی۔ انتظامیہ کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ کبوتروں کو دانہ ڈالنے کے دوران گاڑیوں اور راہگیروں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے، جگہ کی مکمل صفائی برقرار رکھنی ہوگی، اور اگر شہریوں کی کوئی شکایت موصول ہو تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں سے ایک تحریری حلف نامہ بھی لیا جائے گا۔ہر علاقے کے اسسٹنٹ کمشنر اس انتظام کے نوڈل آفیسر ہوں گے، جو تمام امور کی نگرانی کریں گے۔ کبوتر خانوں کے اطراف صحت و صفائی سے متعلق آگاہی بورڈز بھی نصب کیے جائیں گے۔
شہر میں کبوتر خانوں کے بارے میں اب تک شہریوں کی جانب سے 9,779 تجاویز، اعتراضات اور شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان میں کبوتر خانے بند کرنے، برقرار رکھنے، صفائی رکھنے اور محدود انداز میں دانہ ڈالنے سے متعلق مختلف آراء شامل ہیں۔
بی ایم سی کے مطابق، ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ اور عدالتِ عالیہ کے حتمی احکامات موصول ہونے تک یہ چار نئی جگہیں کبوتر خانوں کے لیے عارضی طور پر منظور کی گئی ہیں۔









