مہاراشٹر میں اب 9 کے بجائے 12 گھنٹے ڈیوٹی، مسلسل5 گھنٹےکام کرنے پر 30 منٹ کا وقفہ، کابینہ میں فیکٹری ایکٹ ترمیم منظور
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
- Sep 3
- 1 min read

3 September 2025
ممبئی،مہاراشٹر کابینہ نے Factories Act 1948 میں بڑی ترمیم کو منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب مزدوروں کے روزانہ کے اوقاتِ کار 9 گھنٹوں سے بڑھا کر 12 گھنٹے کر دیے گئے ہیں۔ ریاست کے محنت وزیر ایڈوکیٹ آکاش فُنڈکر نے کہا کہ ان ترامیم سے صنعتی شعبے کو زیادہ لچک ملے گی اور مزدوروں کو بھی اضافی معاوضے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
نئی ترمیم کے مطابق، اگر مزدور 5 گھنٹے مسلسل کام کریں گے تو انہیں 30 منٹ کا وقفہ دینا لازمی ہوگا اور 6 گھنٹے مکمل ہونے پر دوبارہ 30 منٹ کا آرام دینا ہوگا۔ ہفتہ وار اوقاتِ کار بھی 48 گھنٹوں سے بڑھا کر 60 گھنٹے کر دیے گئے ہیں، جبکہ اوورٹائم کی زیادہ سے زیادہ حد 115 گھنٹے سے بڑھا کر 144 گھنٹے کر دی گئی ہے۔
محنت وزیر نے واضح کیا کہ کسی بھی فیکٹری کو حکومتی منظوری کے بغیر اوقاتِ کار میں تبدیلی کا اختیار نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی، ہفتے میں 48 گھنٹوں کی بنیادی شرط برقرار رہے گی۔ فُنڈکر نے مزید کہا کہ مزدوروں سے زیادہ کام لینے کی صورت میں انہیں پورا معاوضہ اور تنخواہ کے ساتھ رخصت دینا لازمی ہوگا۔
انہوں نے اس فیصلے کو مرکزی حکومت کی Ease of Doing Business پالیسی کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تبدیلیاں صنعتوں اور مزدوروں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔