top of page

میری طرف لوٹ آؤ!

20 February 2025


میں وہ کتاب ہوں جو انسانیت کے لیے اللہ کی آخری ہدایت ہے۔      

میں وہ قانون ہوں جو ازل سے ابد تک کے لیے نازل کیا گیا ہے۔     

میں وہ روشنی ہوں جس کے بغیر تمہارے دلوں کی تاریکی دور نہیں ہو سکتی۔    

میں وہ نور ہوں جس کے بغیر تمہاری زندگیوں میں ہدایت کی کرن نہیں جا سکتی۔     

میری آیات تمہیں زندگی کے ہر معاملے میں رہنمائی دیتی ہیں۔     

میں تمہیں بتاتا ہوں کہ تمہارا خالق کون ہے، تمہارا مقصدِ حیات کیا ہے، تمہیں دنیا میں کیوں بھیجا گیا، اور تمہیں کس طرح زندگی گزارنی چاہیے۔      

میں وہ دستور ہوں جو تمہیں فلاح کا راستہ دکھاتا ہے۔      میں وہ پیغام ہوں جو تمہیں ظلمات سے نکال کر نور کی طرف لاتا ہے۔      

لیکن اے مسلمانو!        

  تم نے مجھ سے کیا سلوک کیا؟       

تم نے مجھے جزدان میں لپیٹ کر رکھ دیا۔      

تم نے میری آیات کو اپنی دیواروں پر سجا دیا۔      

تم نے مجھے اپنی محفلوں میں خوش الحانی سے پڑھا، مگر میری تعلیمات کو اپنی زندگی سے نکال دیا۔       

مجھے عبادت سمجھ کر پڑھا جاتا ہے، مگر میرا قانون چھوڑ دیا گیا!      

  مجھے عزت کے ساتھ رکھا جاتا ہے، مگر میرے احکامات کو پسِ پشت ڈال دیا گیا!        

میرے الفاظ کو تبرک سمجھا گیا، مگر ان کے معنی پر غور نہیں کیا گیا!      

کیا میں اس لیے نازل کیا گیا تھا کہ صرف کسی کے مرنے پر میری تلاوت کی جائے؟      

کیا میں اس لیے بھیجا گیا تھا کہ صرف تقریبات میں میری آیات پڑھی جائیں؟ نہیں!       

میں تمہارے لیے زندگی کا مکمل نظام ہوں، میں وہ قانون ہوں جس پر عمل کیے بغیر تمہاری کامیابی ممکن نہیں۔     مسلمانو!   

جب تک تم نے مجھے اپنایا۔   

جب تک تم نے میرے قانون کے مطابق زندگی گزاری۔    

دنیا میں تمہاری عزت تھی۔    

تمہیں قیادت حاصل تھی۔    

تمہارے قدموں میں دنیا جھکتی تھی۔    

  لیکن جب تم نے مجھے چھوڑ دیا، مجھے صرف رسمی طور پر پڑھنا شروع کر دیا، تو تم ذلیل و خوار ہو گئے۔     

تمہاری ریاستیں ٹوٹ گئیں۔    

تمہاری طاقتیں ختم ہو گئیں۔    

تمہاری زمینیں چھن گئیں۔  

اور تمہاری وحدت پارہ پارہ ہو گئی۔  

  وہ میں ہی ہوں جس نے عرب کے چرواہوں کو دنیا کا امام بنا دیا تھا!    

وہ میں ہی ہوں  جس نے غلاموں کو بادشاہت عطا کی تھی!    وہ میں ہی ہوں جس نے جہالت میں ڈوبی ہوئی اقوام کو علم و حکمت کی روشنی دی تھی!   

  آج تمہارے پاس دولت ہے، مگر سکون نہیں!    

آج تمہارے پاس طاقت ہے، مگر عزت نہیں !   

آج تمہارے پاس علم ہے، مگر ہدایت نہیں!     

تم نے مجھے چھوڑ دیا، اس لیے تم دنیا میں بھٹک رہے ہو۔ تم نے میرے احکامات کو نظر انداز کر دیا، اس لیے تم ظلم و ستم کا شکار ہو۔    

اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ تم پر رحم کرے۔    

اگر تم چاہتے ہو کہ دنیا میں تمہیں عزت ملے۔    

اگر تم چاہتے ہو کہ تمہاری کھوئی ہوئی عظمت بحال ہو۔          تو لوٹ آؤ میری طرف۔   

مجھے سمجھو، مجھ پر عمل کرو، اور اپنی زندگی کو میرے مطابق ڈھال لو!    

اگر تم نے میری طرف رجوع نہ کیا۔    

اگر تم نے مجھے صرف تبرک سمجھ کر رکھے رکھا۔     

اگر تم نے مجھے اپنی عملی زندگی میں داخل نہ کیا۔ تو یاد رکھو!     

تمہاری ذلت کا سفر جاری رہے گا۔     

تمہاری نسلیں غلامی میں جکڑی رہیں گی۔    

تمہاری زمینیں غیروں کے قبضے میں رہیں گی،    

اور تمہارا کوئی پرسانِ حال نہ ہوگا!    

میں اللہ کی آخری کتاب ہوں، میں قرآن ہوں!   

میں وہ دستور ہوں جو تمہیں کامیابی دے سکتا ہے!   

میں وہ روشنی ہوں جو تمہیں دوبارہ دنیا میں سربلند کر سکتی ہے!     

  لیکن شرط صرف ایک ہے… کہ تم میری طرف لوٹ آؤ!

آصف خان دھامن گاؤں بڑے

9405932295

bottom of page