نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کا اچانک استعفیٰ، وجہ صحت کی خرابی کو قرار دیا
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Jul 22
- 2 min read

22 July 2025
نئی دہلی،بھارت کے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کے روز اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ طبی مشورے اور صحت کو ترجیح دینے کے پیشِ نظر لیا ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 67(الف) کے تحت استعفیٰ فوری طور پر مؤثر کیا ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو پیش کیے گئے اپنے استعفیٰ میں جگدیپ دھنکھڑ نے لکھا:"اپنی صحت کی دیکھ بھال کو ترجیح دینے اور طبی مشورے پر عمل کرتے ہوئے، میں آئین کے آرٹیکل 67(الف) کے تحت، فوری اثر کے ساتھ نائب صدرِ جمہوریہ ہند کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔انہوں نے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، وزراء کونسل اور ارکانِ پارلیمنٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں اس عظیم جمہوریت کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے بھارت کی معاشی ترقی اور عالمی مقام کو باعثِ عزت قرار دیا۔

جگدیپ دھنکھڑ 2022 میں نائب صدر منتخب ہوئے تھے اور ان کا دورِ کار 2026 تک تھا۔ ان کے استعفیٰ کے بعد اب ملک میں نائب صدر کے لیے 60 دنوں کے اندر انتخاب کرایا جانا لازمی ہوگا۔ انتخاب میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے تمام اراکین حصہ لیتے ہیں اور ووٹنگ سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کے ذریعے کی جاتی ہے۔فی الحال راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ ایوان بالا (راجیہ سبھا) کے عبوری صدر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ پچھلے ہفتے ہی مانسون اجلاس کا آغاز ہوا تھا، اور اسی اجلاس کے پہلے دن نائب صدر نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ اب ملک کا نیا نائب صدر کون ہوگا۔ یاد رہے کہ کچھ حلقوں میں یہ قیاس بھی کیا جا رہا تھا کہ دھنکھڑ ممکنہ طور پر آئندہ صدر جمہوریہ کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں، مگر صحت کی خرابی نے ان کے سیاسی سفر کو ایک وقفہ دے دیا ہے۔









