top of page

وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے ہاتھوں محکمہ تعمیراتِ عامہ کو اعزاز، منیشا مہیسکر اور ملند مہیسکر کی خدمات کا اعتراف

  • Writer: MimTimes मिम टाइम्स  م ٹائمز
    MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
  • 2 days ago
  • 3 min read

29 March 2026


ممبئی، ریاستی حکومت کے 150 دن کے ای-گورننس اصلاحاتی پروگرام میں محکمہ تعمیراتِ عامہ (PWD) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 میں سے 186.75 نمبر حاصل کر کے ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اس نمایاں کامیابی پر وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کے ہاتھوں سہیا دری اتھتھی گرہ میں محکمہ کے سابق ایڈیشنل چیف سکریٹری منیشا مہیسکر اور موجودہ ایڈیشنل چیف سکریٹری ملند مہیسکر کو اعزاز سے نوازا گیا۔


اس موقع پر وزیر ثقافت و انفارمیشن ٹیکنالوجی آشیش شیلار، چیف سکریٹری راجیش اگروال سمیت مختلف محکموں کے سکریٹریز، ضلع کلکٹرز اور ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹو افسران بھی موجود تھے۔


ریاستی حکومت کی جانب سے شفافیت بڑھانے اور سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے مقصد سے 150 دن کا یہ خصوصی پروگرام 7 مئی 2025 سے 10 جنوری 2026 تک نافذ کیا گیا، جس میں کل 57 محکموں نے حصہ لیا۔ مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ کوالٹی کاؤنسل آف انڈیا کی جانب سے 127 نکات پر لیا گیا، جس میں محکمہ تعمیراتِ عامہ نے نمایاں برتری حاصل کی۔


اس پروگرام کے تحت ویب سائٹ کی بہتری، ’آپلے سرکار‘ پورٹل، ای-آفس، سرکاری ڈیش بورڈ، واٹس ایپ چیٹ بوٹ، مصنوعی ذہانت (AI)، بلاک چین اور جی آئی ایس جیسے جدید نظاموں کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی، جس سے خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی۔


شکایات کے ازالے میں بڑی پیش رفت:


محکمہ نے شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط بناتے ہوئے حل ہونے والی شکایات کی شرح 80 فیصد سے بڑھا کر 99 فیصد تک پہنچا دی، جبکہ اعلیٰ سطح تک پہنچنے والی شکایات میں 12 فیصد سے گھٹ کر صرف 0.09 فیصد رہ گئی۔ کل 1248 شکایات کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ 39.5 فیصد شکایات سڑکوں کی دیکھ بھال اور معیار سے متعلق تھیں۔


خدمات کی رفتار میں اضافہ:


لوک سیوا حق قانون کے تحت آٹھ خدمات کو مکمل طور پر آن لائن کر کے ’آپلے سرکار‘ پورٹل سے جوڑا گیا، جس کے نتیجے میں خدمات کی فراہمی کا وقت 32 دن سے کم ہو کر 20 دن رہ گیا، جبکہ سروس لیول کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔


ڈیجیٹل نظام سے کامکاج میں تیزی:


محکمہ کے 100 فیصد افسران ای-آفس نظام سے منسلک ہو چکے ہیں، جس سے فائلوں کی کارروائی تیز اور شفاف ہوئی ہے۔ ایک جامع ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام خدمات کی ریئل ٹائم نگرانی اور پیشگی تجزیہ (پریڈکٹیو اینالیٹکس) ممکن بنایا گیا ہے۔


اے آئی اور جی آئی ایس کا مؤثر استعمال:


’پاتھول گارڈ‘ نامی اے آئی نظام کے ذریعے سڑکوں کے گڑھوں کی نشاندہی اور مرمت کا عمل مؤثر بنایا گیا ہے۔ اسی طرح پی ایم گتی شکتی پورٹل کے ذریعے سڑک منصوبہ بندی میں جنگلات، جنگلی حیات کے راستوں اور معدنی علاقوں کی نشاندہی کر کے 27 ہیکٹر جنگلاتی زمین کو محفوظ کیا گیا ہے۔


درختوں کی نگرانی اور ڈیجیٹل جدت:


’ٹری ایپ‘ کے ذریعے درختوں کی شجرکاری اور نگرانی کا جدید نظام متعارف کرایا گیا، جس کے تحت اب تک 8.20 لاکھ سے زائد درختوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ ان جدید اقدامات کے باعث محکمہ کو ’ڈیجیٹل انوویشن آف دی ایئر‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔


منیشا مہیسکر نے اس موقع پر کہا کہ یہ کامیابی وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، سنیترہ اجیت پوار اور وزیر تعمیراتِ عامہ شیویندر سنگھ راجے بھوسلے کی رہنمائی اور تمام افسران و ملازمین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات فراہم کرنے کے لیے محکمہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کرتا


رہے گا۔



bottom of page