وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا پرانا دہلی ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ ، مہاراجا اگراسن کے نام پر رکھنے کی مانگ
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
- 1 day ago
- 2 min read

1 July 2025
نئی دہلی،دہلی کی وزیر اعلیٰ رخا گپتا نے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کو ایک باضابطہ خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پرانے دہلی ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کر کے اسے "مہاراجا اگراسن ریلوے اسٹیشن" رکھا جائے۔ یہ مطالبہ انہوں نے 19 جون کو جاری کیے گئے اپنے ایک ڈی او لیٹر میں کیا۔ریکھا گپتا نے اپنے خط میں لکھا کہ مہاراجا اگراسن ایک عظیم تاریخی شخصیت تھے جنہوں نے سماجی انصاف، معاشی حکمتِ عملی، اور عوامی فلاح و بہبود کے اصولوں کو فروغ دیا۔ دہلی کے لاکھوں شہری مہاراجا اگراسن کو اپنا رہنما اور ماڈل مانتے ہیں۔ ان کے نام پر ریلوے اسٹیشن کا نام رکھنا ایک "مناسب خراجِ عقیدت" ہوگا اور دہلی کے عوام کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کرے گا۔وزیر اعلیٰ نے وزیر ریلوے سے درخواست کی ہے کہ اس تجویز کو جلد از جلد منظوری دی جائے تاکہ عوامی امنگوں کو تسکین حاصل ہو سکے۔فی الحال، وزارتِ ریلوے نے اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم، یہ تجویز وزارت کو موصول ہو چکی ہے اور غور و خوض کے مرحلے میں ہے۔پرانا دہلی ریلوے اسٹیشن، جسے دہلی جنکشن بھی کہا جاتا ہے، 1864 میں قائم ہوا تھا اور یہ دہلی کے قدیم ترین ریلوے مراکز میں سے ایک ہے۔ یہ اسٹیشن روزانہ لاکھوں مسافروں کو خدمات فراہم کرتا ہے اور شمالی ہندوستان کا ایک اہم ریلوے مرکز ہے۔اس تجویز پر مختلف برادریوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ حلقے اس اقدام کو تاریخی شخصیات کو خراجِ عقیدت قرار دے رہے ہیں، جب کہ دیگر لوگ ریلوے اسٹیشنوں کے نام تبدیل کرنے کے رجحان پر سوال اٹھا رہے ہیں۔