کرلا تا گھاٹکوپر ایل بی ایس مارگ پر 4.5 کلو میٹر فلائی اوور کی تعمیر کی راہ ہموار، محمد اسحاق شیخ کی مسلسل جدوجہد رنگ لائی، وزیراعظم مودی کو لکھے گئے خط کا جواب بھی ملا
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- 11 minutes ago
- 3 min read

16 November 2025
ممبئی (م ٹائمز) کرلا کے ایل بی ایس مارگ پر شدید ٹرافک جام سے برسوں سے پریشان عوام کے لیے بالآخر بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس اہم سڑک پر ٹرافک کا مسئلہ کئی سالوں سے نہ صرف عام شہریوں بلکہ طلبہ اور مریضوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا تھا۔ سماج وادی پارٹی کے ممبئی پردیش سیکریٹری اور سابق کارپوریٹر محمد اسحاق شیخ اس مسئلے کو مسلسل مختلف سطحوں پر اٹھاتے رہے، اور ان کی طویل جدوجہد نے آخرکار بڑا نتیجہ دے دیا۔
محمد اسحاق شیخ نے بارہا توجہ دلائی تھی کہ کرلا گارڈن سے شری یش سنیما تک ایل بی ایس مارگ پر آبادی گھنی ہے، ٹرافک کا دباؤ ہر وقت شدید رہتا ہے اور گاڑیاں گھنٹوں پھنس جاتی ہیں۔ اس صورتحال میں ایمرجنسی کے وقت ایمبولنس بھی نہیں گزر پاتی، جب کہ اسی راستے پر کئی اہم اسپتال، اسکول اور کالج موجود ہیں۔
اس اہم عوامی مسئلے کو حل کرانے کے لیے محمد اسحاق شیخ نے میونسپل افسران سے ملاقاتوں اور بی ایم سی کے چیف انجینئر (بریج ڈیپارٹمنٹ) کو میمورنڈم دینے کے ساتھ ساتھ ایک بڑا قدم یہ بھی اٹھایا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو تفصیلی خط لکھ کر اس مسئلے کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ خط میں انہوں نے بتایا تھا کہ ایل بی ایس مارگ پر ٹرافک جام شہریوں کی زندگی کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور اس کا حل صرف فلائی اوور کی تعمیر ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے محمد اسحاق شیخ کے خط کا جواب بھی دیا تھا۔ جواب میں وزیراعظم آفس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ خط میں اٹھائے گئے نکات متعلقہ حکام تک پہنچا دیے گئے ہیں تاکہ اس مسئلے کا عملی حل تلاش کیا جا سکے۔ محمد اسحاق شیخ کے مطابق وزیراعظم آفس سے ملنے والا یہ جواب ان کی کوششوں میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا، کیونکہ اس کے بعد بی ایم سی کے افسران نے اس معاملے پر تیزی سے پیش رفت شروع کی۔
فلائی اوور پروجیکٹ کی سب سے بڑی رکاوٹ نوی فوج کی زمین تھی، جس کے باعث دو سال تک این او سی نہیں مل سکا تھا اور منصوبہ آگے نہیں بڑھ پا رہا تھا۔ لیکن مسلسل فالو اپ اور متعدد سطحوں پر رابطوں کے بعد کچھ ماہ قبل نوی فوج نے این او سی جاری کیا، جس کے بعد بی ایم سی نے فوری طور پر فزیبلیٹی سروے کیا اور اب اس اہم منصوبے کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیا ہے۔
بی ایم سی نے کرلا کے کلپنا ٹاکیز سے گھاٹکوپر (ویسٹ) واقع پنکھے شاہ درگاہ تک 4.5 کلو میٹر طویل فلائی اوور تعمیر کرنے کے لیے 1,635 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فلائی اوور 15.50 میٹر چوڑا ہوگا اور اس کی تعمیر میں تقریباً چار سال لگیں گے۔ فلائی اوور بننے کے بعد ایل بی ایس روڈ کو گھاٹکوپر۔اندھیری لنک روڈ سے براہ راست جوڑ دیا جائے گا، جس سے لاکھوں افراد کو روزانہ کے سنگین ٹرافک جام سے مستقل نجات ملنے کی امید ہے۔
علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ اگر محمد اسحاق شیخ مسلسل اس مسئلے کو نہ اٹھاتے، وزیراعظم مودی تک خط کے ذریعے معاملہ نہ پہنچاتے اور این او سی کے لیے پیچھا نہ کرتے تو یہ منصوبہ شاید آج بھی فائلوں میں اٹکا رہتا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس فلائی اوور کی منظوری، این او سی اور ٹینڈر جاری ہونے کے پیچھے ان کی مسلسل جدوجہد اور عوامی مسائل کے تئیں ان کی سنجیدگی فیصلہ کن ثابت ہوئی ہے۔









