top of page

کیجریوال اور سسودیا کی شکست، بی جے پی کی جیت!

  • Writer: MimTimes मिम टाइम्स  م ٹائمز
    MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز
  • Feb 8
  • 2 min read
ree

8 February 2025


دہلی ،دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج آج سامنے آئے ہیں۔ دوپہر تک کے رجحانات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 47 نشستوں پر آگے ہے جبکہ عام آدمی پارٹی (عاپ) 22 نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ ان رجحانات سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ دہلی میں بی جے پی حکومت بنانے جا رہی ہے، جس سے عام آدمی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔حیران کن طور پر دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی اس بار شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔

کیجریوال کی شکست: نئی دہلی حلقے سے بی جے پی کے امیدوار پرویش ورما نے اروند کیجریوال کو شکست دی ہے۔ اروند کیجریوال کو عام آدمی پارٹی کا سب سے بڑا رہنما مانا جاتا ہے، لیکن ان کی اس شکست نے پارٹی کارکنان کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔نتائج کے بعد اروند کیجریوال نے بیان دیا:"دہلی کے عوام کے فیصلے کو ہم عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ بی جے پی کو فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ بی جے پی اپنے تمام وعدے پورے کرے گی۔ ہم بطور اپوزیشن عوام کے ساتھ رہیں گے اور ان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ہم سیاست میں صرف اقتدار کے لیے نہیں آئے ہیں، بلکہ عوام کی خدمت ہمارا مقصد ہے۔"

منیش سسودیا بھی ہار گئے: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے جنگ پورہ سے انتخاب لڑا تھا، لیکن انہیں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی کے امیدوار تروندر سنگھ مارواہ نے انہیں ہرایا۔ تروندر سنگھ مارواہ پہلے کانگریس کے قریبی رہنما تھے اور 2022 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان : وزیر اعظم نریندر مودی نے اس تاریخی جیت پر دہلی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:"جن شکتی سب سے اوپر ہے! ترقی اور گڈ گورننس کی فتح ہوئی ہے۔ دہلی کے عوام کو وندھن کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں تاریخی جیت سے نوازا۔ دہلی کا ہمہ جہتی ترقی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ ہم دہلی کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ شہر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔"دہلی کے ان نتائج نے جہاں بی جے پی کو فتح کا جشن منانے کا موقع دیا ہے، وہیں عام آدمی پارٹی کے لیے یہ ایک کڑا سبق ثابت ہوا ہے۔

bottom of page