اب شادی کا رجسٹریشن سنیچر اور اتوار کو بھی! ممبئی میونسپل کارپوریشن کی نئی سہولت، رجسٹریشن کے دن ہی ملے گا سرٹیفکیٹ
- MimTimes मिम टाइम्स م ٹائمز

- Sep 9
- 2 min read

9 September 2025
ممبئی: شہریوں کو تیز اور آسان خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے شادی رجسٹریشن کے عمل میں ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ اب شادی کی رجسٹریشن ہفتےکے آخر میں یعنی ہفتہ(سنیچر ) اور اتوار کو بھی ممکن ہوگی۔ اسی کے ساتھ، پیر سے جمعہ تک ہر روز "فاسٹ ٹریک میرج رجسٹریشن سروس" کے تحت بھی شادی رجسٹریشن کیا جائے گا۔
دونوں سہولیات کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ جوڑے کو رجسٹریشن کے اسی دن شادی کا سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
بی ایم سی کے مطابق، ہفتے کے اختتام پر صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ ہفتے کو شہر کے 13 وارڈ دفاتر میں، جبکہ اتوار کو 12 وارڈ دفاتر میں شادی کی رجسٹریشن ہوسکے گی۔
ان دونوں نئی سہولیات کے لئے عام رجسٹریشن فیس کے ساتھ اضافی 2500 روپے وصول کئے جائیں گے۔ ضروری دستاویزات اور فیس کی تکمیل کے بعد، رجسٹریشن کے دن ہی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
پیر سے جمعہ تک روزانہ ہونے والی 30 شادی رجسٹریشن میں سے 20 فیصد (یعنی 6 رجسٹریشن) "فاسٹ ٹریک" زمرے کے تحت ہوں گی، اور ان میں شامل جوڑوں کو بھی اسی دن سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔
بی ایم سی کے مطابق، یہ دونوں نئی سہولیات اتوار، 21 ستمبر سے شروع ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رجسٹریشن کی رفتار بڑھے گی اور شادی رجسٹریشن کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔
اب تک، نوکری پیشہ اور کاروباری طبقے کو شادی رجسٹریشن کے لئے کام کے دنوں میں چھٹی لینی پڑتی تھی، جس کی وجہ سے کئی بار مشکلات پیش آتی تھیں۔ بی ایم سی نے یہ مسئلہ حل کرنے کے لئے ہفتہ اور اتوار کو بھی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، یہ دونوں خدمات سرکاری تعطیل کے دن دستیاب نہیں ہوں گی۔









